دو خاندانوں کو بار بار ڈرائی کلین کر کے مسند اقتدار پر بٹھایا گیا: سراج الحق
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن میں روایتی سیاسی اشرافیہ سے مقابلہ ہو گا۔ ملک پر سالہا سال مسلط رہنے والی پارٹیوں نے لوٹ مار کی۔ عوام کو آئی ایم ایف کی ہتھکڑیاں پہنائیں، کارکن قوم کو ان پارٹیوں کے کرتوتوں سے آگاہ کریں۔ الیکشن مہم میں تیزی لائیں۔ جماعت اسلامی ترازو پر اسلامی فلاحی ریاست کے منشور کے تحت انتخابات میں جائے گی۔ پورے ملک میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر امیدورا دیں گے۔ پڑھی لکھی نوجوان قیادت کو بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ گرشتہ کئی عشروں سے دو خاندان ملک پر مسلط ہیں جن کا بیانیہ ابو بچانے کا رہا اور جنہیں بار بار ڈرائی کلین کر کے مسند اقتدار پر بٹھایا گیا۔ یہ مفادات کی خاطر بہن بھائی اور ٹکراو¿ کی صورت میں مخالف بن جاتے ہیں۔ ان کی وجہ سے ملک کا مستقبل گہنا گیا۔ انہیں بے نقاب کرنا سیاست و جمہوریت کی کامیابی ہوگی۔ آئندہ الیکشن میں ظالم و مظلوم میں مقابلہ ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ منصفانہ الیکشن کے لیے لیول پلیئنگ فیلڈ (Level Playing Field) ضروری ہے، تمام پارٹیوں کو یکساں مواقع ملنے چاہییں، نگران حکومت نے سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں کو جاری رکھتے ہوئے پہلے بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کیا، اب گیس کے نرخ تقریباً دو سوفیصد بڑھا دیے گئے۔ عوام کی اکثریت یہ بوجھ برداشت کرنے کے قابل نہیں، نتائج ڈپریشن، نفسیاتی امراض اور خودکشیوں کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں۔ 19نومبر کو لاہور میں فلسطینیوں سے یکجہتی کے لیے تاریخی مظاہرے کا اہتمام کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی کا الیکشن میں روایتی سیاسی اشرافیہ سے مقابلہ ہو گا۔