• news

بھارت میں انتخابات سے قبل یاسین ملک کے عدالتی قتل کا خدشہ ہے،مشعال ملک

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے عالمی برداری سے یاسین ملک کی جان کے تحفظ کی اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ ان کے شوہر کو تہاڑ جیل میں حقیقی خطرات کا سامنا ہے کیونکہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے اپنے اصولی موقف سے وہ ایک انچ بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ۔انہوں نے یہ بات بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کی صورتحال پراوسلومیں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کی میزبانی نارویجن پارلیمنٹ کی خارجہ امور اور دفاع کی قائمہ کمیٹی کے رکن داگ-انج السٹین اور صدر فاونڈیشن ڈائیلاگ فار پیس عامر جاوید شیخ نے کی ۔ مشعال حسین ملک نے اپنے خطاب میں انکشاف کیا کہ یاسین ملک کو نہ صرف ان کے آزادانہ ٹرائلز کے قانونی اور بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا بلکہ ان کی صحت کے تیزی سے بگڑتے ہوئے مسائل کے باوجود انہیں بنیادی زندگی بچانے والی ادویات سے بھی محروم رکھا جارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت میں عام انتخابات سے قبل یاسین ملک کے عدالتی قتل کا خدشہ ہے کیونکہ مودی کی مقبولیت کا گراف کم ہواہے اوراس قتل کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کیا جاسکتاہے اس صورتحال کے تناظرمیں عالمی طاقتوں، اقوام متحدہ کے اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو یاسین کی زندگی کو بچانے اور بھارتی سفاک قوتوں کی غیر قانونی حراست سے اس کی جلد اور محفوظ رہائی کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار اداکرنا چاہیے ۔

ای پیپر-دی نیشن