بھارت میں بدترین فضائی آلودگی، دہلی کے سکول مزید ایک ہفتہ بند
نئی دلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں بدترین فضائی آلودگی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد سکول مزید ایک ہفتے کیلئے بند کر دیئے گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دلی میں فضائی معیار خطرناک حد تک خراب ہو گیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ نئی دلی کا فضائی معیار عالمی صحت کی تنظیم (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے مقرر کی گئی حد سے100گنا تجاوز کرگیا ہے۔ نئی دلی کے وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ پرائمری سکول 10 نومبر تک بند رہیں گے جبکہ 6 سے 12 ویں جماعت کی کلاسز کو آن لائن کرنے کا آپشن دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رئیل ٹائم ائیر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) نئی دلی کے مختلف حصوں میں 500 سے زیادہ ہے جبکہ دوپہر کے وقت نئی دلی میں فضائی معیار کی سطح 859 ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے دوران نئی دلی میں بدترین فضائی آلودگی نے ٹیموں کو بھی پریشانی میں مبتلا کر دیا۔ فضائی آلودگی کے باعث جہاں نئی دلی دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہے وہیں سموگ کی وجہ سے ٹیموں کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔ 6 نومبر کو دلی میں سری لنکا اور بنگلا دیش کی ٹیموں کے درمیان میچ شیڈول ہے اور اس سے قبل آئی سی سی نے دلی میں فضائی آلودگی کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ بھارتی بورڈ کے ساتھ مل کر ماہرین کی اس حوالے سے رائے لے رہے ہیں۔ کھلاڑیوں کی صحت کی حفاظت کا خیال رکھیں گے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دلی میں سٹیڈیم کے اطراف کے علاقوں میں چھڑکاو¿ کرنے کا بھی پلان بنایا گیا ہے۔