• news

مقبوضہ کشمیر، بی جے پی اختلاف رائے کی ہر آواز کو کچلنا چاہتی، تباہی اس کا مقدر: کانگریس

 جموں+سرینگر(این این آئی) کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج پیرکو یوم شہدائے جموں اس تجدید عہد کے ساتھ منائیں گے کہ حق خودارادیت کے حصول تک شہدا ءکے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مہاراجہ ہری سنگھ کی فورسز، بھارتی فوج اور ہندوتوا قوتوںنے جموں کے مختلف علاقوں میں لاکھوں کشمیریوں کا اس وقت قتل عام کیا جب وہ نومبر 1947 کے پہلے ہفتے میں پاکستان کی طرف ہجرت کر رہے تھے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں اور تنظیموں نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے جموں نے ایک مقدس مقصد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ان کی بے مثال قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔حریت رہنماﺅں اور تنظیموں نے کہا کہ 1947میں جموں کے مسلمانوں کی دل دہلا دینے والی نسل کشی دنیا کا سب سے بڑا سانحہ تھا جس میں لاکھوں مسلمان مارے گئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ شہدا ءکو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے مشن کو منطقی انجام تک پہنچایاجائے۔غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس کے صدر وقار رسول وانی نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اختلاف رائے کی ہر آواز کو کچلنا چاہتی ہے اور اس کے آمرانہ رویے، طرز حکمرانی اور عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے علاقے سے اس کا صفایاہوجائے گا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وقار رسول وانی نے جموں کے علاقے کٹرہ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کے احتجاج پر پابندی کے حکنامے کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اپنی ناکامیوں کو چھپانے کی غرض سے ہر جمہوری آواز کو کچلنے کے لیے اس طرح کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں بی جے پی کے دن گنے جا چکے ہیں کیونکہ اس نے عام لوگوں کی طاقت کو چیلنج کرنا شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقتدار کھونے کے خوف نے بی جے پی کو اسمبلی اور پنچایتی انتخابات غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے پر مجبور کیا ہے لیکن ایک دن اسے عوام کا سامنا کرنا پڑے گا اور انتخابات کا انعقاد کرنا پڑے گا اور بی جے پی کا علاقے سے صفایا ہو جائے گا۔ کانگریس رہنما منوج یادو نے کہا کہ بی جے پی نے جموں و کشمیر میں جمہوریت کو ختم کر دیا ہے اور کانگریس جمہوریت اور جموں وکشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ ورکنگ صدر رمن بھلا نے بی جے پی کی نوجوان دشمن، عوام دشمن، غریب دشمن اور ملازمین دشمن ذہنیت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوگ اس کابدلہ لیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن