• news

پی ڈی ایم کو کہا تھا عمران دشمنی میں حد سے آگے نہ جائیں: محمود اچکزئی

کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے دوستوں کو کہا تھا چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی دشمنی میں حد سے آگے نہ جائیں۔ ملک میں تین سال بعد وزیراعظم کو جیل بھیج دیا جاتا ہے، میں نے پی ڈی ایم کے دوستوں کو کہا آپ لوگ کھائی میں گر رہے ہو۔ نواز شریف کو ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کی بات کرنے کی سزا دی گئی۔ دنیا بھر کے ممالک ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات بنا رہے ہیں۔ نواز شریف آئین کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ جب تک میاں نواز شریف جمہوریت کے راستے پر رہیں گے ہم ان کے ساتھ ہیں۔ انڈیپینڈنٹ ایکٹ میں پاکستان کی حدود کا تعین کیا گیا ہے۔ فاٹا سے متعلق آئین سے آرٹیکل نکالنے کا فائدہ بھارت نے اٹھایا۔ بھارت نے اپنے آئین سے کشمیر سے متعلق آرٹیکل نکال دیا۔ ہمیں دو طریقوں سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ سرحد پار سے حملے ہوتے ہیں، دہشت گردی کی ان کارروائیوں کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی را ملوث ہے۔ بھارتی ریاستی دہشت گردی پاکستان کے علاوہ کینیڈا تک پہنچ چکی ہے۔ ہم نے چالیس سال غیر ملکیوں کی میزبانی کی ہے۔ غیر قانونی غیر ملکیوں کو دی گئی سہولتیں افغانستان میں بھی نہیں مل سکتیں۔ ہماری مصلحتوں نے ملک کو تباہ کردیا۔ پشتونوں نے ملکی آزادی میں سب سے زیادہ قربانیاں دیں۔ اپنے سیاسی فیصلوں پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میری پارٹی میری بات مانتی تو ہم انتخابات میں حصہ نہیں لیتے۔ محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن