• news

فضل الرحمن کی قطر میں حماس قیادت سے ملاقاتیں: امت پر فرض اسرائیلی مظالم کیخلاف متحد ہو، اسماعیل ہانیہ

اسلام آباد (خبر نگار+ آئی این پی) جے یو آئی کے امیر فضل الرحمن نے غزہ جاتے ہوئے قطر میں حماس قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں۔ وہ امیر قطر اور ترکیہ میں بھی اہم ملاقاتیں کریں گے۔ فضل الرحمن اور سربراہ حماس اسماعیل ہانیہ نے کہا کہ امت مسلمہ پر فرض ہے کہ وہ اسرائیلی مظالم کے خلاف متحد ہو۔ جے یو آئی پاکستان کے میڈیا سیل کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ اور سابق سربراہ خالد مشعل سمیت دیگر حماس قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں جن میں مسئلہ فلسطین پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ فضل الرحمن نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کے دعویداروں کے ہاتھ معصوم بچوں اور خواتین کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ امت مسلمہ عملی میدان میں فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہو۔ انسانی حقوق کے دعویدار ممالک ہتھیاروں سے بھرے جہاز تل ابیب پہنچ رہے ہیں۔ امت مسلمہ بھی فلسطینی بھائیوں کی حمایت کیلئے میدان میں نکلے۔ اپنی ماﺅں‘ بہنوں اور بھائیوں کی مدد کرے۔ خالد مشعل نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین پر عرصہ دراز سے مظالم انسانی حقوق کے دعویداروں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ جمعیت علمائے اسلام کے امیر قطر کے بعد ترکیہ کا دورہ کریں گے۔ مولانا فضل الرحمن ترکیہ اور قطر کی حکومتی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے تاکہ جنگ بندی کرائی جا سکے۔ مولانا فضل الرحمن غزہ میں پھنسے مظلوم فلسطینیوں کیلئے امدادی سامان کی ترسیل سمیت دیگر امور پر بھی عرب ممالک کی قیادت سے بات چیت کریں گے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کے دعویداروں کے ہاتھ معصوم بچوں اور خواتین کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ امت مسلمہ عملی میدان میں فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہو۔ ترجمان جے یو آئی (ف) اسلم غوری نے بتایا ہے کہ مولانا فضل الرحمن غزہ کی طرف سفر کر رہے ہیں‘ لیکن انہوں نے تفصیلات دینے سے گریز کیا۔ ترجمان کے مطابق مولانا فضل الرحمن اپنے ساتھ فلسطینیوں کیلئے خوراک اور ادویات لیکر جا رہے ہیں۔ خیال رہے کہ جماعت اسلامی کے سنیٹر مشتاق احمد بھی فلسطینیوں کی مدد کیلئے اس وقت مصر میں موجود ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن