ڈی آئی خان لکی مروت، دہشتگردوں کا چوکی پر حملہ، بم دھماکہ، 2 بھائی جاں بحق، سپاہی زخمی
لکی مروت (نوائے وقت رپورٹ) تھانہ برگی کے علاقہ اوژاکئی میں دھماکے سے 2 سگے بھائی جاں بحق ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایک ہی خاندان کے پانچ افراد دھماکے کی زد میں آگئے جس میں دو بھائی بم دھماکہ میں جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق بم دھماکہ کھیتوں میں چھپائے گئے آئی ای ڈی کا ہو سکتا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو بھائی 17 سالہ سعید زمان اور 5 سالہ امان اللہ شامل ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں کلاچی تھانہ کی حدود میں واقع پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے حملہ کر دیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم دہشتگردوں نے سرشام بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر دیا۔ حملے میں سپاہی میر سلیم زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق پولیس چوکی کے جوانوںکے جوابی کارروائی پر دہشتگرد فرار ہو گئے۔