شیخوپورہ پولیس :رواں برس 36 کروڑ 3 لاکھ 62 ہزار روپے کا مال مسروقہ برآمد
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ڈی پی او شیخوپورہ زاہد نواز مروت اور انکی ٹیم نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی، ڈی پی او شیخوپورہ زاہد نواز مروت نے پولیس سٹیشن ڈائریز کے تحت رواں برس ضلعی پولیس کی کارکردگی بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شیخوپورہ پولیس نے رواں برس کے دوران ڈکیتوں اور مجرمان سے 36 کروڑ 3 لاکھ 62 ہزار روپے کا مال مسروقہ برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کیا۔ ناجائز اسلحہ کےخلاف کاروائی میں 1787 مقدمات درج، ملزمان کے قبضہ سے 112 کلاشنکوف، 116 بندوقیں، 129 رائفل، 1430 پسٹل اور 8702 گولیاں و کارتوس برآمد کیے۔شیخوپورہ پولیس نے 13 بلائنڈ مرڈر سمیت مجموعی طور پر قتل کے 42 مقدمات کے ملزمان کو گرفتار کرکے حوالات جوڈیشل بھیجا۔ 2159 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا، 45 گینگز کے 142 ملزمان کو گرفتار کرکے 6.81 ملین مال مسروقہ برآمد کیا۔ منشیات کےخلاف کریک ڈاون میں رواں سال 1532 کلو گرام چرس، 12 کلو ہیروئن، 114 کلو افیون، 1592 گرام آئس، 10569 لٹر شراب 21 چالو بھٹیاں، لہن 1630 لٹر برآمد کیا، تھانہ فیکٹری ایریا نے 4 سالہ کمسن بچی کے اغوا برائے تاوان کے ملزمان کو گرفتار کر کے بحفاظت بازیاب کروایا اور تاوان کی رقم واپس کروائی۔ چوری شدہ 226 موٹر سائیکل،56 عدد گاڑیاں، 46 تولہ زیورات,اور مسروقہ مال مویشی 30 عدد برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کیے۔