• news

فلسطینی عوام کیخلاف ہونے والے جنگی جرائم کیلئے عالمی عدالت قائم ہونی چاہئے: ساجد میر

سیالکوٹ،لاہور (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت + نوائے وقت رپورٹ) مذہبی سکالر پروفیسر سینیٹر علامہ ساجد میر نے کہا کہ تاجدار کائنات حضور پر نور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سیرت اور صورت دونوں میں بے مثال ہیں۔ محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے معمولات زندگی ہی قیامت تک کےلئے شعار ومعیار ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ہر گوشہ تابناک اور ہر پہلو روشن ہے۔ یومِ ولادت سے لے کر روز رحلت تک کے ہر ہر لمحہ کو قدرت نے لوگوں سے محفوظ کرا دیا ہے۔ سینیٹر علامہ ساجد میر نے علامہ اقبال بار ہال میں ”سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم“ کانفرنس سے خطاب کیا۔ جاوید اقبال مغل، امجد علی رانا کے علاوہ وکلاءکی کثیر تعداد موجود تھی۔ ساجد میر نے کہا کہ یہ بات مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اطاعت ہی میں نجات ہے۔سینیٹر ساجد میر نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ سے خطاب کرتے ہوئے غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف ہونے والے جنگی جرائم کے لیے بین الاقوامی عدالت کے قیام کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مظلوم فلسطینیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ عالمی برادری اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے مداخلت کرے اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت رکوائے، علاقائی عدم استحکام کی وجہ اسرائیلی قبضہ، عالمی قراردادوں کو تسلیم نہ کرنا ہے۔ عالمی برادری فلسطینی عوام کا تحفظ یقنی بنانے کے علاوہ فلسطینی علاقوں سے صیہونی قبضہ ختم کرانے کے لیے سنجیدہ سیاسی عمل کے لیے تعاون کرے۔

ای پیپر-دی نیشن