سائفر کیس، عمران نے جیل ٹرائل، جج کی تعیناتی کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی نے جیل ٹرائل اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج کی تعیناتی کے خلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کردی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے مقدمہ میں اضافی دستاویزات جمع کرانے کے لئے متفرق درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ سنگل بنچ نے 12 ستمبر کو عدالت اٹک جیل منتقل کرنے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا اور16 اکتوبر کو فیصلہ سنایا۔ اسی دوران وزارت قانون نے جیل سماعت کے ہی دو مزید نوٹیفکیشنز جاری کر دیئے۔ وزارت قانون کے دونوں نوٹیفکیشن عدالتی ریکارڈ پر لانے کی اجازت دی جائے۔ ادھر آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت میں زیر سماعت سائفر کیس میں جیل سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے پیش ہونے والے وکلا کی فہرست عدالت میں جمع کرا دی گئی۔ فہرست سلمان صفدر نے ایڈووکیٹ خالد یوسف کے ذریعے جمع کرائی۔ 8وکلا بیرسٹر سلمان صفدر، عمیر خان نیازی، سکندر ذوالقرنین سلیم، ایڈوکیٹ خالد یوسف، احمد مسار، سہیل خان، نیاز اللہ نیازی، عثمان ریاض گل جیل سماعت میں شریک ہوں گے۔ وکلا نے استدعا کی کہ عدالت اڈیالہ جیل حکام کو ہدایت دے کہ وکلا کی جیل انٹری میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت آج اڈیالہ جیل میں ہوگی۔