• news

لیول پلیئنگ فیلڈ کا رونا نہ روئیں: مریم اورنگزیب، آپ نے ایوان فیلڈ سمجھ لیا: فضل کریم، پی پی حقائق کا سامنا کرے: اسلم غوری

لاہور‘ اسلام آباد (نمائندہ خصوصی‘ نیٹ نیوز) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا پیپلزپارٹی والے لیول پلیئنگ فیلڈ کا رونا نہ روئیں۔ الیکشن کی فیلڈ میں آئیں۔ ایک طرف کہتے ہیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں اور دوسری طرف کہتے ہیں کہ کلین سویپ کریں گے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے (ن) لیگ کی ترجمان نے کہا (ن) لیگ کی انتخابی مہم کا آغاز 21 اکتوبر کو ہوچکا ہے۔ لیول پلیئنگ فیلڈ کا ابھی سے رونا ظاہر کرتا ہے کہ عوام نے 21 اکتوبر کو نواز شریف کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے۔ پی ڈی ایم اتحاد آج بھی قائم ہے۔ ملکی مسائل کیلئے سب کو اکٹھا ہونا ہوگا۔ 21 اکتوبر کو پورے ملک نے پاکستان کی سیاسی اور عوامی فیلڈ دیکھ لیں۔ اگر ملکی حالات کوئی تبدیل کر سکتا ہے تو وہ نواز شریف ہیں۔ (ن) لیگ واحد جماعت ہے جو الیکشن کیلئے تیار ہے۔ ادھر سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے بیان میں کہا ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات کرتے ہیں‘ آپ ایون فیلڈ سمجھ رہی ہیں۔ لیول پلیئنگ فیلڈ سن کر آپ کے چہرے پر مایوسی‘ ماتھے پر پسینہ کیوں آتا ہے۔ لیول پلیئنگ فیلڈ ملے نہ ملے‘ پیپلز پارٹی 1988ءکی طرح انتخابات جیتے گی۔ پیپلز پارٹی 8 فروری کو لاہور میں بھی سرپرائز دے گی۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ پی ڈی ایم اتحاد کی دو بڑی جماعتوں جمعیت علماءاسلام جے یو آئی ف اور پاکستان پیپلز پارٹی پی پی پی کے درمیان لفظی گولہ باری تیز ہو گئی۔ اسلام آباد سے جاری بیان میں جے یو آئی ترجان نے اسلم غوری نے کہا کہ پیپلز پارٹی غیر سنجیدہ بیانات کے بجائے حقائق کا سامنا کرے۔ فیصل کریم کنڈی کو جواب دیتے ہوئے جے یو آئی ترجمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے پر غصہ اتحادی جماعتوں پر نکال رہی ہے۔ اسلم غوری نے مزید کہا کہ جے یو آئی (ف) کسی کے بل بوتے پر سیاست کرتی ہے نہ کسی کے فون یا سہارے کی محتاج ہے۔ جبکہ پیپلز پارٹی سندھ میں دن بدن عوامی حمایت سے محروم ہو رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن