آئی جی کھلی کچہری،شہریوں کے مسائل کا بروقت ازالہ کرنے کا حکم
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا اور شہریوں کی درخواستیں سن کر فوری ازالے کیلئے احکامات جاری کئے۔ آئی جی پنجاب نے شہریوں کی درخواستوں پر متعلقہ سپروائزری افسران سے رپورٹ طلب کرلی۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی اوز کو اپنی نگرانی میں انکوائری کرکے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا۔ شہریوں کے مسائل کا بروقت ازالہ اولین ترجیح، دانستہ تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔دریں اثناءڈاکٹر عثمان انو رسے سنٹرل پولیس آفس میں ڈی پی او ننکانہ صاعد عزیز اور انکی ٹیم نے ملاقات کی۔ ڈی پی او ننکانہ صاعد عزیز نے پولیس سٹیشن ڈائریز کے تحت رواں برس ننکانہ پولیس کی مجموعی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔ پولیس نے رواں برس کے دوران ڈکیتوں اور مجرمان سے 10کروڑ 84 لاکھ 33 ہزار 693 روپے کا مال مسروقہ اور نقدی برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کیا۔جبکہ آئی جی نے پولیس ملازمین کے بچوں کی اعلی تعلیم کےلئے ایک اور احسن اقدام اٹھایا ہے۔پنجاب پولیس اور نجی یونیورسٹی کے درمیان سنٹرل پولیس آفس میں ایم او یو سائن ہوگیا ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور وائس چانسلر نجی یونیورسٹی ڈاکٹر ندیم احمد بھٹی نے ایم او یو سائن پر دستخط کئے۔ایم او یو کے تحت پولیس شہداءکے بچوں کو نجی یونیورسٹی میں 100 فیصد فری ایجوکیشن فراہم کی جائے گی۔ حاضر سروس، ریٹائرڈ اور دوران ڈیوٹی انتقال کرنے والے پولیس ملازمین کے بچوں کو ایڈمیشن فیس اور ماہانہ ٹیوشن فیس میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔