غیرقانونی بھرتیاں کیس: پرویزالٰہی کی درخواست ضمانت پر مقدمے کا ریکارڈ طلب
لاہور (خبر نگار) لاہور کی اینٹی کرپشن کی خصوصی عدالت نے پنجاب اسمبلی غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے میں پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت پر مقدمے کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ اینٹی کرپشن کورٹ کے جج محمد ارشد حسین بھٹہ نے پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت کی۔ اینٹی کرپشن کے تفتیشی افسر نے مقدمے کا ریکارڈ عدالت میں پیش نہ کیا۔ دوران سماعت پرویز الٰہی کی جانب سے عامر سعید راں ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل دیے کہ اینٹی کرپشن حکام جان بوجھ کر مقدمے کا ریکارڈ پیش نہیں کر رہے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو دس نومبر کو مقدمہ کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا اور ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر ریکارڈ پیش نہ ہوا تو ضمانت کی درخواست پر فیصلہ کر دیں گے۔ علاوہ ازیںجوڈیشل مجسٹریٹ ضلع کچہری لاہور نے پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوںکے مقدمہ پر سماعت کرتے ہوئے ملزم محمد خان بھٹی کے جوڈیشل ریمانڈ میں آٹھ روز کی توسیع کر دی۔ دوران کیس کی سماعت پولیس نے جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد محمد خان بھٹی کو عدالت پیش کیا گیا، عدالت نے محمد خان بھٹی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 نومبر تک توسیع کر دی۔