• news

پی ٹی آئی کے امیدوار پنجاب اسمبلی سردار سرفراز کے خلاف اینٹی کرپشن کا گھیرا تنگ

شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کو نہ چھوڑنے پر تحریک انصاف کے رہنما اور امیدوار پنجاب اسمبلی سردار محمد سرفراز ڈوگر کے خلاف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے گھیرا تنگ کر دیا ہے اور بار بار طلب کرنے کے باوجود دفتر میں پیش نہ ہونے پر ان کی طلبی کا حتمی نوٹس ان کی شیخوپورہ کی قیام گاہ کے باہر چسپاں کر دیا ہے۔ تحریک انصاف کے ذرائع نے بتایا ہے کہ سردار محمد سرفراز ڈوگر نے انتخابی مہم شروع کر دی ہے جس سے روکنے کے لیے انہیں بے جا تنگ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بطور تحصیلدار ایک ٹیڈی پیسے کی کرپشن نہیں کی، وہ عوام میں انتہائی مقبول ہیں۔ محکمہ اینٹی کرپشن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ سردار سرفراز ڈوگر کے خلاف سورس رپورٹ کی بنیاد پر انکوائری ہو رہی ہے، جس کے لیے انہیں کئی مرتبہ اپنا موقف پیش کرنے کے لیے بلایا گیا مگر وہ پیش نہیں ہوئے، جس کی وجہ سے ان کی اقامت گاہ پر حتمی نوٹس چسپاں کر دیا گیا ہے۔ ان ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ سورس رپورٹ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے اہلکار شہروز خان کی رپورٹ پر تیار کی گئی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ بطور تحصیلدار سردار سرفراز ڈوگر نے مالی بدعنوانیوں کے ذریعے املاک بنائی اور ان کے تحصیل صفدر آباد میں ٹرانسپورٹ کے اڈے بھی چل رہے ہیں جن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں اور غیر قانونی طور پر ان اڈوں کو چلایا جا رہا ہے۔ اس بارے میں محکمہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سے بھی رپورٹ حاصل کی جا سکتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن