• news

وزیر دفاع سے فرانسیسی سفیر کی ملاقات مسلح افواج کے تعاون بڑھانے پر زور

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) نگران وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر سے فرانس کے سفیر نکولس گیلی نے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوںکی مسلح افواج کے درمیان تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔ وزیر دفاع نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان فرانس کے ساتھ اپنے تعلقات کو دو طرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں بہت اہمیت دیتا ہے۔ وزیر دفاع نے زور دیا کہ پاکستان خطے میں استحکام اور امن کے لیے پرعزم ہے اور خاص طور پر افغانستان اور بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان دوطرفہ دلچسپی کے تمام امور پر فرانس کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی جیسے عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں تعاون ہمارے دوطرفہ تعلقات کا اہم حصہ ہے۔ معزز مہمان نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

ای پیپر-دی نیشن