عوامی تحریک کا عام انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) عوامی تحریک کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ ژوب اور میانوالی میں فورسز پر حملے اور دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی گئی۔ جوانوں کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور دعائے مغفرت کی گئی جبکہ چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل کی گئی کہ سانحہ ماڈل ٹاو¿ن کے مظلوموں کو انصاف دیا جائے اور اس ضمن میں مختلف عدالتوں میں زیر التوا درخواستوں کو بلا تاخیر نمٹایا جائے۔ گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یہ اضافہ واپس لینے کا پٹرول کی قیمتیں کم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا کہ مفاد عامہ کے خلاف عالمی مالیاتی معاہدے کرنے والوں کا آئندہ انتخابات میں عوام محاسبہ کریں گے۔ سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ملک تاریخ کی بدترین مہنگائی اور معاشی بد حالی سے گزر رہا ہے۔ اجلاس میں عالمی برادری سے اپیل کی گئی غزہ اور فلسطین کے جنگ زدہ علاقوں میں ویلفیئر کے لیے بند راستے کھولیں جائیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں رابطہ عوام و کارکن مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ آئندہ انتخابات کے لئے منشور کمیٹی اور پارلیمانی بورڈ بھی تشکیل دیا گیا۔ اجلاس میں میاں ریحان مقبول، راجہ زاہد محمود، میاں زاہد اسلام، نوید جٹ، میاں کاشف، عارف چودھری، سردار عمر دراز خان، توقیر اعوان، سید ظفر اقبال شاہ، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، اعجاز سدوزئی، ڈاکٹر جہانگیر عباسی، عائشہ مبشر، کامران پرویز، عثمان ہاشم خان، ثاقب بھٹی نے شرکت کی۔