غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام، دنیا انسانیت کے امتحان میں ناکام ہو چکی: شہباز شریف
لاہور (آئی این پی ) صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ دنیا کا سب سے بڑا ڈیبیٹنگ کلب ہے جو انسانی حقوق کے نفاذ اور شہریوں کی حفاظت سے قاصر ہے۔ سابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر بربریت کے ایک ماہ کو مکمل ہونے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے معصوم فلسطینیوں کا قتل عام شروع ہوئے آج ایک ماہ مکمل ہو رہا ہے، دنیا انسانیت کے امتحان میں ناکام ہو چکی ہے۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم دنیا کو آگے بڑھنے کے لیے گہرائی سے خود کا جامع جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں مزید لکھا ہے کہ عالمی نظام اس طرح کی ناانصافی کی موجودگی میں اپنے آپ کو برقرار نہیں رکھ سکتا۔