• news

پرویز الٰہی، حامد ناصر چٹھہ کے گھر چھاپے، لاہور سے 9 مئی مقدموں میں ملوث 50 افراد گرفتار

لاہور +قلعہ دیدار سنگھ(نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) پولیس نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کے گھر پر رات گئے چھاپہ مارا جس کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے خواتین اور بچوں کو باہر نکال کر گھر کی تلاشی لی، کچھ دستاویزات درکار تھیں جن کے لیے چھاپہ مارا گیا۔ اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کئے گئے پیغام میں مونس الہٰی نے کہا ہے کہ پرسوں کی ناکام کارروائی کے بعد آج صبح 4 بجے پنجاب پولیس نے دوبارہ بغیر وارنٹ کے ہمارے گھر پر چھاپہ مارا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ان کو میرے خالو طاہر صادق نہیں ملے۔ پولیس پی ٹی آئی کے لوگوں کو ہراساں کرنے کے بجائے جرائم کے خاتمے پر دھیان دے۔ پولیس نے رات بھر کریک ڈاو¿ن کرتے ہوئے سانحہ نو مئی میں ملوث پچاس سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد 9 مئی کو جناح ہاو¿س و دیگر حساس تنصیبات پر حملوں میں ملوث ہیں۔ نئی تیار کردہ فہرستوں کے مطابق کارکنوں کی گرفتاری کی گئی۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے گھروں سمیت مختلف ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے۔ گرفتار افراد کے کوائف حاصل کرکے قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔ پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے لیے 9 مئی کو وقوعہ پر موجود صحافی اور پولیس اہلکار کے نام بھی فہرستوں میں شامل تھے۔ ڈیوٹی دینے والے اہلکاروں اور صحافیوں کے نام فہرست سے نکالے جائیں گے۔سابق سپیکر قومی اسمبلی کی رہائش گاہ پر اینٹی کرپشن کا دوسری بارچھاپہ، پولیس کو ناکامی کا سامنا، چوہدری حامد ناصر چٹھہ کی گرفتاری عمل میں نہ لائی جا سکی،چھاپے کے دوران حویلی میں سینکڑوں کارکنان بھی موجود تھے۔ حامد ناصر چٹھہ کی حویلی پر اینٹی کرپشن پولیس کا ڈی پی او وزیرآباد رضوان طارق کی سربراہی میں دوسری دفعہ بھاری نفری کے ساتھ چھاپہ مارا گیا مگر کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی محمد احمد چٹھہ 9مئی کے واقعہ کے بعد روپوش ہیں جبکہ حامد ناصر چٹھہ بھی دو روز سے لاہور ماہانہ چیک اپ کے لئے گئے ہوئے تھے ۔

ای پیپر-دی نیشن