• news

سموگ، لاہور ڈویژن، گوجرانوالہ، حافظ آباد میں جمعرات سے اتوار تک تعلیمی ادارے، دفاتر، ریسٹورنٹ، سینما، پارکس بند

لاہور (نیوز رپورٹر) سموگ کی صورتحال کی وجہ سے لاہور ڈویژن، گوجرانوالہ، حافظ آباد میں 4روز کے لئے ماحولیاتی اور ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ محسن نقوی نے ہنگامی پریس کانفرنس میں بتایا کہ لاہور ڈویژن، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں دفعہ 144نافذ کر دی گئی ہے۔ 9نومبر کو سرکاری چھٹی ہے، جمعہ کو بھی تعطیل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہفتہ، اتوار بھی چھٹی ہوتی ہے۔ ماحولیاتی اور ہیلتھ ایمرجنسی کے دوران تعلیمی ادارے، سرکاری و نجی دفاتر، سینما، پارکس اور ریسٹورنٹ بند رہیں گے جبکہ مارکیٹیں ہفتے کو بند رکھی جائیں گی۔ شادی ہال، بیکریاں، فارمیسی، پبلک ٹرانسپورٹ اور کنسٹرکشن بند نہیں ہوگی۔ فیکٹریاں بند نہیں کررہے تاکہ مزدور کا چولہا جلتا رہے۔ لاہور کی زمین کو ماحولیاتی ریسٹ کی اشد ضرورت ہے۔ سموگ کسی کے لئے بھی اچھی چیز نہیں، بچاو¿ اور سدباب ضروری ہے۔ اس کی وجہ سے بچوں اور بزرگوں کو سانس اور آنکھوں کے امراض لاحق ہو رہے ہیں۔ کابینہ کمیٹی برائے ماحولیات / سموگ میں ماہرین ماحولیات اور صحت کی سفارشات کی روشنی میں فیصلے کیے گئے ہیں۔ سموگ سے متعلق اجلاس میں 10نومبر کو چھٹی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہفتے کے دن مارکیٹیں بند رہیں گئی، جمعہ کو مارکیٹیں بند کرنے کے بارے میں تاجروں سے مشاورت کی جائے گی۔ 4دن سرگرمیاں معطل کرنے کے فیصلوں کا مقصد سموگ کے لیول کو کم کرنا ہے۔ میری اپیل ہے کہ بچے اور بزرگ ماسک ضرور پہنیں۔ چھٹی کا فیصلہ عارضی ہے صرف اسی ہفتے کیلئے نافذ العمل ہوگا۔ ماحولیاتی ایمرجنسی کے تحت ناگزیر فیصلے کئے جا رہے ہیں۔ بھارت میں پاکستان سے 4گنا زیادہ فصلوں کی باقیات جلائی جاتی ہیں، جس سے سموگ بڑھتی ہے۔ سرحد پار فصلوں کی باقیات جلانے کا براہ راست اثر ہم پر پڑ رہا ہے۔ بھارت کے شہر دہلی میں بھی چھٹی اور دیگر فیصلے کئے گئے تو سموگ کے صورتحال میں بہتری آئی۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے سی بی ڈی پنجاب باب ڈسٹرکٹ اور والٹن روڈ اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا دورہ کیا ہے۔ وزیراعلی نے پورے والٹن روڈ کا معائنہ کیا۔ والٹن روڈ پر سیوریج کا پانی کھڑا دیکھ کر گاڑی رکوائی اور پانی کی جلد نکاسی کے لئے ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ والٹن روڈ پر پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ایم ڈی واسا اور سی بی ڈی حکام پانی کی جلد نکاسی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ والٹن روڈ اپ گریڈیشن منصوبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ والٹن روڈ سگنل فری کوریڈور بنے گا۔ علاوہ ازیں محسن نقوی علی الصبح کیولری گراو¿نڈ پہنچ گئے اور خالد بٹ چوک انڈرپاس پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ خالد بٹ چوک انڈرپاس کا 90 فیصد سے زائد کام مکمل ہوچکا ہے، محسن نقوی نے منصوبے پر جاری تعمیراتی کاموں کی پیش رفت پر تفصیلی جائزہ لیا اور انڈر پاس کی اندرونی دیواروں کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انڈرپاس کو اسی ماہ کے وسط تک مکمل کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن