وزارت قومی صحت کی سپلمنٹری گرانٹ کیلئے درخواست وزارت خزانہ نے مسترد کردی
اسلام آباد(رانا فرحان اسلم)وفاقی قومی وزارت صحت کے زیر انتظام ہسپتالوں میں شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی اور معمول کے اخراجات کیلئے وزارت خزانہ سے سپلمنٹری گرانٹ کیلئے بھیجی درخواست مسترد کردی گئی وزارت قومی صحت نے سپلیمنٹری اور ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی مد میں وزارت خزانہ سے 11.096ارب روپے مانگے تھے تاہم وزارت خزانہ کی جانب سے وزارت قومی صحت کویکم نومبر کو لکھے گئے ایک لیٹر میںیہ کہہ کردرخواست مسترد کر دی گئی کہ منتخب حکومت کی تشکیل تک کوئی سپلیمنٹری گرانٹ جاری نہیں کی جا سکتی دوسری جانب شہر اقتدار کے ہسپتالوں میں یوٹیلیٹی بلز ، ادویات،آکسیجن فراہمی ،تنخواہوں،مرمتی کاموںسمیت دیگر اخراجات کی مد میں فنڈز کی عدم دستیابی سے روز مرہ معمولات بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے وزارت خزانہ کی جانب سے نگران وفاقی وزیر قومی صحت کو اس ضمن میں تحریری طور پر آگاہ کردیاگیا ہے تاہم فنڈز کی عدم دستیابی شہریوں کو طبی فراہمی میں مشکلات کا باعث بن سکتی ہے جوکہ باعث تشویش امر ہے۔