سانحہ 9مئی میں 2پولیس انسپکٹرز کے بھی ملوث ہونے کا انکشاف
لاہور( این این آئی)9مئی کو لاہور میں پرتشدد مظاہروں میں پولیس کے دو انسپکٹرز کے بھی ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، انویسٹی گیشن ونگ نے دونوں افسران کو ملزم قرار دیدیا۔نجی ٹی وی کے مطابق انویسٹی گیشن ونگ نے جناح ہاﺅس حملے کے ملزموں کی نئی فہرست مرتب کرلی ہے جس میں ڈی آئی جی آپریشنز علی رضوی کے پی ایس او انسپکٹر عاصم رفیع اور ایس ایچ او مصطفی آباد للیانی انسپکٹر آصف ذوالفقار کا نام بھی شامل ہے۔انویسٹی گیشن ونگ کی جانب سے ماڈل ٹاﺅن ڈویژن کو فراہم کردہ فہرست میں پولیس کے دونوں انسپکٹرز کے نام اور تصاویر شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق حملے میں ملوث متعدد کارکنوں کو سزا دلوانے کے بعد نئی لسٹیں بنائی گئیں، ماڈل ٹان ڈویژن کو فراہم کردہ فہرست میں 101 مرد اور خواتین کے نام شامل ہیں۔