• news

آن لائن بنکنگ فراڈ‘ ضمانت قبل از گرفتاری ہائیکورٹ سے مسترد‘ مرکزی ملزم گرفتار

لاہور (خبر نگار) ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے نجی بنک میں اکاونٹ ہولڈرز کے اکاونٹس سے بھاری رقوم آن لائن چرانے والے بنک افسروں پر مشتمل گینگ کے رکن آپریشن منیجر منڈی بہاوالدین چیمہ خاور عباس کی قبل ازگرفتاری ضمانت مسترد کر دی۔ ملزم کو احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا۔ عدالت نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ بنکنگ سسٹم میں اتنے منظم فراڈ کی ایف آئی اے ابھی تک تفتیش مکمل نہیں کر سکی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ بنک انتظامیہ اپنے اہلکاروں کی مکمل پشت پناہی کر رہی ہے۔ اتنے بڑے سکینڈل کے سامنے آنے کے باوجود عہدوں سے معمولی تنزلی اور انکریمنٹ روکنے کے علاوہ کوئی تادیبی کارروائی ملازمین کے خلاف نہیں کی گئی۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمان نے اس مقدمے کی کارروائی کے دوران بھی اپنا فراڈ جاری رکھا جس کی انکوائری بھی مکمل کرکے نئے مقدمات کے اندراج کے احکامات دے دیئے گئے۔ گینگ کے شرکاءمختلف برانچوں میں تعینات ہیں اور جب کوئی اکاو¿نٹ ہولڈر نئے اے ٹی ایم کارڈ یا دیگر بنکنگ ضروریات کے تحت بائیو میٹرک کرواتے ہیں تو اس کا سگنل کسی دیگر شہر کی برانچ میں موجود گینگ رکن کو بھیج دیا جاتا ہے جو فوری طور پر اس بائیو میٹرک کو استعمال کر کے اکاو¿نٹ ہولڈر کا فون نمبر بنک ریکارڈ سے بدل دیتا ہے۔ جس نئے فون نمبر کو استعمال کر کے بنکنگ ایپ بنا کر لاکھوں روپے جعلی اکاو¿نٹس میں منتقل کر دیے جاتے ہیں۔ عدالت نے اس فراڈ کو ملکی بنکنگ سسٹم پر سے عوامی اعتماد کے خاتمے کا باعث قرار دیا۔

ای پیپر-دی نیشن