اوورسیز پاکستانی باعث فخر، وطن کا مثبت چہرہ اجاگر کرتے ہیں: گورنر
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ملک سے باہر پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرنے میں اوورسیز پاکستانیوں کا کلیدی کردار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاﺅس لاہور میں لندن بورو آف ہنسلو کے مئیر افضال کیانی کے قیادت میں برطانیہ سے آئے اوورسیز پاکستانیوں کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ وفد میں بیرسٹر ریاض گل، سابق میئر لندن بورو آف ہنسلو سمیعہ چودھری سمیت دیگر موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کے لیے باعث فخر ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے۔ اور حکومت سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے ذریعے غیرملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری میں خصوصی سہولیات دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے مذہب اسلام میں بھی تحقیق کرنے اور سنی سنائی باتوں پر یقین نہ کرنے کی خاص تلقین کی گئی ہے۔ میئر افضال کیانی نے کہا کہ برطانیہ میں پاکستانی سفارتخانوں کو پاکستانی برٹش کمیونٹی اور نوجوانوں سے رابطے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو سفارتخانے بلائیں اور پاکستان کے بارے میں آگاہ کریں، حکومت اور اوورسیز پاکستانی مل کر پاکستان کا امیج بہتر بنا سکتے ہیں۔