باغبانپورہ‘ پراپرٹی ڈیلر کے گھر سے 9 سالہ ملازم کی نعش برآمد‘ زیادتی کے بعد مارا: ورثائ
لاہور (نامہ نگار) باغبانپورہ میں قصور کے رہائشی پراپرٹی ڈیلر شیخ ذیشان کے گھر سے 9 سالہ ملازم احسان کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی ہے۔ پولیس نے فرانزک ٹیم کی مدد سے شواہد اکٹھے کئے اور لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ مقتول بچے کی والدہ نواب بی بی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ والدہ کا کہنا ہے کہ احسان کو 4 سال 7 ماہ قبل پراپرٹی ڈیلر شیخ ذیشان کے گھر ملازم رکھوایا تھا۔ بیٹے احسان سے صرف ایک بار ملنے دیا گیا۔ کل اچانک کال کر کے بتایا کہ آپ کے بیٹے نے خودکشی کرلی ہے۔ ملزموں نے ہمارے پہنچے سے پہلے لاش مردہ خانے منتقل کر دی تھی۔ میرے بیٹے کو مالک مکان نے بدفعلی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے۔