پاکستان کشمیریوں کی جائز جدوجہد آزادی کی حمایت کیلئے ہمیشہ پرعزم رہا، مشعال ملک
اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)نگران وزیر اعظم کی معاون خصوصی مشعال حسین ملک نے او آئی سی سے کہا ہے کہ وہ ان کے شوہر یاسین ملک کی بھارتی قید سے رہائی کے لیے کردار اداکرے، عالمی امن، معیشت اور سلامتی کا براہ راست تعلق مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے پرامن حل سے ہے،پاکستان کشمیریوں کی جائز جدوجہد آزادی کی حمایت کیلئے ہمیشہ پرعزم رہا ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے فوری حل کا مطالبہ کرتا ہے۔ وہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)اور سعودی عرب کے زیر اہتمام اسلام میں خواتین: حیثیت اور انہیں بااختیاربنانے کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔ کانفرنس میں ان کے ہمراہ چیئرپرسن نیشنل کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن نیلوفر بختیار اور او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمائندہ فواد شیر بھی شریک ہیں۔ کانفرنس میں سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر بھی بطور کانفرنس پینلسٹ حصہ لے رہی ہیں۔کانفرنس 8 نومبر تک جاری رہے گی جس کا مقصد اسلامی معاشرے میں خواتین کے کردار پر وسیع البنیاد بحث کرنا ہے۔ کانفرنس میں اسلام میں خواتین کے حقوق اور ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ کانفرنس میں اسلامی سکالرز اور او آئی سی کے رکن ممالک کے سرکاری وفود کے علاوہ خواتین سربراہان مملکت، وزرا اور مختلف بین الاقوامی اور علاقائی تنظیموں کے نمائندوں کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے ۔