ٹریفک حادثات: کوٹ ادو 5مزدور، قلات 5، دیر بالا میں 4افراد جاں بحق
کوٹ ادو+ قلات+ دیر بالا (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) کوٹ ادو میں مسافر بس نے بے قابو ہو کر گدھا ریڑھی پر سوار مزدوروں کو کچل دیا جس سے 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ٹبی موچی والی سنانواں کے نزدیک پیش آیا۔ گدھا ریڑھی پر سوار افراد کوٹ ادو سے سنانواں مزدوری کیلئے جاتے ہوئے مسافر بس کی زد میں آئے۔ تیز رفتار مسافر بس راولپنڈی سے راجن پور جا رہی تھی۔ ریسکیو کے عملے نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دی جبکہ جاں بحق افراد کی لاشوں کو ڈیڈ شیٹ سے ڈھانپ دیا گیا۔ جبکہ قلات میں تیز رفتار مسافر کوچ اور جیپ میں تصادم کے باعث پانچ افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ افسوسناک حادثہ قومی شاہراہ پر منگچر کے مقام پر پیش آیا جہاں تیز رفتار مسافر کوچ اور جیپ میں حادثے کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق ہوئے جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ لیویز ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب دیر بالا میں ڈبل کیبن گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس اور ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق حادثے میں کئی افراد زخمی بھی ہو گئے ہیں جنہیں آر ایچ سی پاتراک منتقل کر دیا گیا ہے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ سڑک کی خرابی کی وجہ سے پیش آیا جس میں چار افراد جاں بحق اور کئی دیگر زخمی ہوئے ہیں۔