دھواں چھوڑنے والی 9972 گاڑیوں کے چالان‘2کروڑ روپے جرمانہ
لاہور(خبرنگار)انسداد سموگ کیلئے لاہور ڈویژن میں 21اکتوبر 2023 تا اب تک 7 نومبر 2023 ءتک کاروائیوں کی رپورٹ جاری کر دی۔ گزشتہ 17روز میں دھواں چھوڑنے والی 9972 گاڑیوں کے چالان کئے گئے۔ 2 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ دھواں چھوڑنےوالی 3809گاڑیوں کو بند کیا گیا۔ ایکسائز، ٹریفک اور ٹرانسپورٹ کی 10ٹیموں نے ناکے، متفرق چیکنگ اور جنرل ہولڈ اپ کے ذریعے کاروائیاں کیں۔ گزشتہ 17روز میں لاہور ڈویژن میں کل 1119صنعتی یونٹس کو چیک کیا گیا۔ ایمشن کنٹرول سسٹم کی خلاف ورزی پر 119کو سیل کیا گیا۔ 31کیخلاف ایف آئی آرز درج کرائی گئیں۔ صنعتی یونٹس میں ایمشن کنٹرول سسٹم فعال نہ ہونے پر 35لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ لاہور ڈویژن کے تمام 1190بھٹے زگ زیگ پر ہیں۔ مگر زگ زیگ خلاف ورزی پر 73بھٹوں پر مقدمات درج کرائے گئے۔ 1190میں سے 76 بھٹوں کو سیل کیا گیا۔13لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ پورے۔ لاہور کی 38روڈز پر پانی کا چھڑکاو مسلسل جاری ہے۔ہر ترقیاتی پراجیکٹ پر دو گھنٹے کے بعد پانی کا چھڑکاﺅ ہورہا ہے۔ لاہور سمیت پوری ڈویژن کے کل 51پائرولسز پلانٹس مکمل طور پر سیل اور بند ہیں۔ بند پلانٹس کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ 21اکتوبر سے اب تک فصلوں کی باقیات جلانے، کوڑا کرکٹ، گرین ویسٹ کو آگ لگانے پر پابندی کی خلاف ورزی پر بھی کاروائیاں کی گئیں۔ 19موٹروے سکوڈز نے 1102 انسپکشنز کیں۔ 74 جگہ پر خلاف ورزی پائی گئی۔ لاہور تا شیخوپورہ اور لاہور تا ننکانہ موٹروے سکواڈز نے 23مقدمات درج کرائے اور 8لاکھ 50ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔