سٹاک مارکیٹ ، 54ہزار کی ایک اور نفسیاتی حد عبور، ڈالر 51پیسے ، سونا 200روپے تولہ مہنگا
کراچی (کامرس رپورٹر) ایک تولہ سونے کی قیمت میں 200 روپے کا اضافہ ہو گیا۔ ڈالر کی قدر میں 51 پیسے کا اضافہ ہوا۔ سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان رہا۔ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونا 200روپے مہنگا ہو کر 2لاکھ 14ہزار 200روپے کا ہو گیا۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز دس گرام سونے کی قیمت 172روپے اضافے کے بعد 1لاکھ 83ہزار 642روپے پر جا پہنچی۔ جبکہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 1988 ڈالر پر مستحکم رہا۔ اسی طرح مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی کے بھا¶ 2580 روپے پر مستحکم رہے۔ انٹر بینک میں گزشتہ روز بھی ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ قائم رہا اور اس طرح ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ 13روز سے مسلسل جاری ہے۔ بدھ کو انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر 51 پیسے بڑھ کر 286.39روپے کی سطح کو عبور کرتے ہوئے 286.90روپے پر پہنچ گئی۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر 287.50روپے پرمستحکم رہا۔ پاکستان سٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روز کاروبار حصص بلندیوں کی جانب گامزن رہا اور ابتدا سے ہی حصص کی تجارت میں مثبت رجحان دیکھا گیا۔ انڈیکس 54 ہزار کی ایک اور نفسیاتی حد عبور کر گیا۔ ایک موقع پر انڈیکس 684پوائنٹس کی تیزی سے 54400کی سطح کو عبور بھی کر گیا تھا۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ بدھ کو ملکی تاریخ کی ایک اور بلند ترین سطح 54400پوائنٹس کی سطح کو چھو گئی۔ کے ایس ای 100انڈیکس میں 500سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ مارکیٹ کا سرمایہ 72ارب سے زائد روپے بڑھ گیا اور 78کھرب روپے سے تجاوز کر گیا۔ کاروبار میں نمایاں تیزی کے باوجود کاروباری حجم منگل کے مقابلے میں 4.61فیصد کم رہا لیکن کاروباری تیزی سے 62.56فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدھ کو اگرچہ کاروبار کا آغاز منفی ہوا اور مارکیٹ میں 15پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی۔ انڈیکس 53700پوائنٹس کی پست سطح تک گرنے کے بعد مارکیٹ میں ریکوری دیکھنے میں آئی۔