ہائیکورٹ: خاور مانیکا کی درخواست ضمانت پر 13 نومبر کو اینٹی کرپشن سے ریکارڈ طلب
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری زمین پر قبضے کے الزام میں درج مقدمے میں گرفتار سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کی درخواست ضمانت پر 13 نومبر کو اینٹی کرپشن سے ریکارڈ طلب کر لیا۔ جسٹس علی باقر نجفی نے خاور مانیکا کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت کی۔ خاور مانیکا کے وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ خاور مانیکا پر محکمہ اوقاف کی زمین پر قبضہ کرنے کا الزام ہے۔ اراضی 1938 سے مانیکا خاندان کے پاس ہے اور کبھی بھی اوقاف کے پاس نہیں رہی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ 25 ستمبر سے خاور مانیکا زیر حراست ہیں، عدالت خاور مانیکا کی ضمانت کا حکم دے۔ عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ محکمہ اوقاف کے پاس مذکورہ اراضی کا نوٹیفکیشن ہے؟۔ سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل عدالت میں پیش نہیں ہو سکے۔