ساری خرابی میرے بعد آنے والی حکومت نے کی، مہنگائی کا طوفان آیا: نواز شریف
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا پارٹی رہنما¶ں سے خطاب میں کہنا ہے کہ مجھے نکالا گیا ورنہ میں نے کہا جانا تھا۔ پورے ملک کی ترقی چاہتا ہوں، چاہے سندھ ہو یا بلوچستان، کے پی کے ہو، پنجاب، گلگت بلتستان یاآزادکشمیر۔ ساری خرابی تو اس حکومت نے کی جسے لایا گیا تھا۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ پتہ لگنا چاہیے جو حکومت لائی گئی تھی اس نے پاکستان کیلیے کیا کیا؟۔ لوگوں کو یہ بتانا چاہیے کہ اسی زمانے میں بجلی، ڈالر کے ریٹ بڑھے، سٹاک مارکیٹ کریش ہوئی اور مہنگائی کا طوفان آیا، روٹی اور سبزیاں مہنگی ہوگئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا لیکن اب اس کو اتنا مہنگا کردیا کہ لوگ بل ہی ادا نہیں کرسکتے۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ شہباز شریف پر تو بس الزام ہے کہ ملک دیفالٹ کرچکا تھا، ملکی ترقی کےلئے ڈبل ٹرپل سپیڈ سے بھاگنا پڑے گا۔ قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف چیف آرگنائزر مریم نواز کے ہمراہ مرحوم سینیٹر رانا مقبول احمد کی رہائش گاہ پہنچے۔ انہوں نے مرحوم سینیٹر کے بیٹوں سے ملاقات کی۔ نواز شریف نے مرحوم سینیٹر رانا مقبول احمد کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ نواز شریف نے کہا کہ والد اور والدہ کا سایہ سر سے اٹھ جانا بہت بڑا غم ہوتا ہے۔ ہم یہ صدمہ جھیل چکے ہیں۔ رانا مقبول احمد نہایت ملنسار، خوش اخلاق اور اچھے انسان تھے۔ میں ان کی وفات سے ایک قریبی دوست سے محروم ہو گیا۔ وہ ایک بااعتماد، بہادر اور قریبی ساتھی تھے۔ ہمیشہ اچھا مشورہ دیتے تھے۔