کرنل حسن حیدر کو اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا جائے: قومی مطالبہ
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) مادر وطن کی حفاظت پر مامور دلیر سپوت لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر نے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں دہشت گردوں کا انتہائی جرات اور بی مثال بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ قوم اپنے اس عظیم فرزند کو ان کی شہادت پر والہانہ خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر شہید نے پاکستان دشمن عناصر کی بیخ کنی میں فرنٹ لائن پر مقابلہ کر کے تابندہ مثال پیش کی ہے‘ ملک بھر میں ہر زبان پر لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر شہید کی شجاعت کے تذکرے اور چرچے ہیں جنہوں نے 43 سال کی عمر میں اپنے تین نڈر اور بہادر فوجی جوانوں کے ساتھ جام شہادت نوش کیا۔ سیاسی، سماجی، ادبی، تعلیمی، ثقافتی، کاروباری، تجارتی حلقے اور عام شہری سبھی اپنے عظیم ہیرو سپوت کو نہ صرف والہانہ خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں بلکہ وہ حکومت اور اپنے مقتدر اداروں سے یہ مطالبہ بھی کرتے نظر آتے ہیں کہ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر شہید کو ان کی گرانقدر قربانی اور شجاعت پر اعلیٰ ترین فوجی اعزاز سے نوارا جائے کیونکہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کے ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی کیونکہ ہمارے شہداءدلوں میں بستے ہیں۔