عثمان ڈار کی عبوری ضمانت کی درخواست‘ حفاظتی ضمانت کی استدعا مسترد
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ نے سابق پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کی کرپشن اور جعل سازی کے مقدمے میں عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے حفاظتی ضمانت کی استدعا بھی مسترد کر دی۔ عدالت کی عثمان ڈار کو اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کی عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت، عدالتی حکم پر عثمان ڈار نے عدالت میں بیان حلفی جمع کروا دیا جس میں کہا گیا کہ اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کی عدالت کے جج نے عدم پیروی پر درخواست بحال کرنے سے زبانی انکار کیا۔ عدالتی حکم پر تھانہ رنگ پورہ سیالکوٹ کے ایس ایچ او نے مقدمے کا ریکارڈ عدالت پیش کردیا۔ ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل چوہدری محمد مصطفی کی عبوری ضمانت کی مخالفت کر دی اور کہا کہ ملزم کے خلاف جعل سازی اور کرپشن کا مقدمہ درج ہے، ملزم کی عبوری ضمانت اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کی عدالت سے عدم پیروی پر خارج ہوئی، قانون کے مطابق ملزم کو اینٹی کرپشن گوجرانوالہ عدالت سے رجوع کرنا چاہئے۔ عدالت نے کہا کہ اینٹی کرپشن عدالت کے جج پر تحفظات کو بیان حلفی کی صورت عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔