بجلی چوری: آپریشن تیز، نوشہرہ ورکاں سے 2گرفتار، لیسکو، تعداد 12050ہوگئی
نوشہرہ ورکاں‘ لاہور (نمائندہ نوائے وقت+ اے پی پی) نگران حکومت کی بجلی چوروں کے خلاف مہم کے دوران ایس ڈی او گیپکو سب ڈویژن نوشہرہ ورکاں نمبر 2 سکندر ریاض نے سرویلنس ٹیم کے ہمراہ کاروائی کرتے ہوئے اشفاق احمد اور محمد سعید کو بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ مقامی پولیس نے ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایس ڈی او سکندر ریاض نے کہا کہ بجلی چور ملک اور قوم کے مجرم ہیں یہ کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری ہیں۔ اکسٹھ روز میں 24260ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ترجمان لیسکو کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اکسٹھ روز سے جاری انسداد بجلی چوری مہم کے دوران اب تک12050ملزمان کو گرفتار کیا گیا، مجموعی طور 24017 کنکشن کیخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے23233درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔بجلی چوروں کو اب تک45,910,945 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 1,932,656,678 ہے۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنے والے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔