• news

اسلام آباد ہائیکورٹ: نیب کیس میں نامزد سابق سینیٹر وقار احمد کی حفاظتی ضمانت منظور

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل ڈویژن بنچ نیب لاہور کے کیس میں نامزد ملزم سابق سینیٹر وقار احمد خان کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی وطن واپسی پر نیب سمیت دیگر اداروں کو گرفتاری سے روک دیا۔گذشتہ روز حفاظتی ضمانت کیلئے دائر درخواست پر سماعت کے دوران استدعا کی گئی کہ وطن واپس آ کر عدالت میں سرنڈر کرنے کو تیار ہوں۔ حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔ جسٹس بابر ستار نے استفسار کیاکہ آپ کے پاس ملزم کی واپسی کا ٹکٹ ہے، جس پر وکیل نے ٹکٹ کی کاپی عدالت میں پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے پاس ٹکٹ موجود ہے دس نومبر کا ٹکٹ ہے، عدالت نے کہاکہ دس کو تو جمعہ ہے، پیر تک کا موقع دیتے ہیں اس عدالت میں پیش ہو جائیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہریار آفریدی کی ایم پی او آرڈر کے خلاف درخواست پر سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔ جسٹس بابر ستار کی عدالت سے جاری حکمنامہ میں عدالت کا کہنا ہے کہ فیڈریشن کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے اپنے دلائل مکمل کر لئے۔ آئندہ سماعت پرسٹیٹ کونسل چیف کمشنر آفس کی جانب سے اپنے دلائل دیں، کیس کی آئندہ سماعت21 نومبر کو ہو گی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی کی عدالت نے سینیٹر اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کیلئے دائر درخواست پر اعتراض دور کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے کہاکہ آپ کے وکالت نامہ پر اعتراض ہے، اعتراض دور کر لیں پھر دیکھ لیں گے، جس پر خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ نے کہاکہ اعتراض دور کر دیں گے۔ سینٹ اجلاس جاری ہے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں، جس پر عدالت نے کہاکہ آپ وکالت نامہ پر اعتراض دور کر دیں اس کے بعد آرڈر دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن