ریگولیٹرز کو پالیسیوں پر عمل درآمد کیلئے مربوط پالیسی کے نفاذ پر زور
کراچی (کامرس رپورٹر ) انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ (آئی او بی ایم) میں و روزہ بزنس مینجمنٹ اینڈ سسٹین ایبلٹی (آئی سی بی ایم ایس) بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز ہوگیا ہے۔ اس موقع پر سرکاری حکام، معروف تعلیمی اداروں کے ماہرین کے ساتھ ساتھ پاکستان کی معروف کمپنیوں کے سینئر کارپوریٹ ایگزیکٹوز موجود تھے۔ تقریب کے مہمان خصوصی سندھ کے نگراں وزیر ریونیو، صنعت و تجارت یونس ڈھاگا تھے۔ اس موقع پر آئی او بی ایم کے صدر طالب ایس کریم نے تقریب میں افتتاحی خطاب کیا۔اس کانفرنس کا عنوان ''غیر یقینی دور میں کاروبار میں پائیدار ی اور جدت: چیلنجز اور مواقع'' ہے جس کا انعقاد آئی او بی ایم کیمپس میں کیا گیا جہاں مقررین اور ماہرین نے تبادلہ خیال، تعاون اور اہم معلومات کو پیش کرنے پر اظہار خیال کیا۔ افتتاحی سیشن میں اسٹین فورڈ یونیورسٹی کے فل برائٹ اسکالر اور لمز کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شکیل صادق ججا نے خطاب کیا۔