بلوچستان بھٹوازم کے چاہنے والوں کی دھرتی، یوم تاسیس کا جلسہ کوئٹہ میں ہوگا: بلاول
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان کے پارٹی رہنماو¿ں اور کارکنان کو آئندہ عام انتخابات کے لئے بھرپور تیاریوں کی ہدایت کر دی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ صدارت پی پی پی بلوچستان کا بلاول ہاو¿س میں اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی موجود تھیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے 30 نومبر کو 56 ویں یوم تاسیس کے موقع پر جلسہ کوئٹہ میں ہو گا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عام انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لے گی اور بلوچستان میں ہم پہلے سے زیادہ نشستیں جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کے حل میں اگر کسی نے عملی اقدامات اٹھائے ہیں تو وہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی ہے۔ آغاز حقوق بلوچستان سے لے کر اقتصادی راہداری کے اصل منصوبے تک پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ بلوچستان کے خطے کو اہمیت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات کے نتائج ثابت کر دیں گے کہ حب سے کوئٹہ تک پورا بلوچستان بھٹوازم کے چاہنے والوں کی دھرتی ہے۔ پی پی پی بلوچستان کی قیادت نے انتخابی مہم کے حوالے سے پارٹی چیئرمین کو اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں میر چنگیز جمالی، روزی خان کاکڑ، سربلند خان جوگیزئی، نواب ثناءاللہ خان زہری، جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ، سید قائم علی شاہ، علی مدد جتک، سردار عمر گورگیج، اعجاز بلوچ، ڈاکٹر برکت بلوچ، غزالہ گولہ، اقبال شاہ، بسم اللہ خان کاکڑ، جمال سراج رئیسانی، کشور احمد جتک، ملک نورالدین کاکڑ، سردار زادہ بابا غلام رسول عمرانی، میر حسین بخش بنگلزئی، میر نصیب اللہ شاہوانی، میر ریاض احمد شاہوانی، میر سلیم خان کھوسہ، نوابزادہ شعیب زہری، نوید درانی، نواب محمد خان شاہوانی، صابر بلوچ، صادق عمرانی، سردار خیر محمد ترین ایڈووکیٹ، شریف خلجی، ملک ذیشان حسین، سید اقبال شاہ، طاہر محمود خان، حیات خان اچکزئی و دیگر بھی شریک تھے۔