• news

3ہسپتالوں، شاہدرہ فلائی اوور کا دورہ، محسن نقوی نے مزار اقبال کی خراب حالت کا نوٹس لے لیا

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) یوم اقبال کی عام تعطیل پر محسن نقوی پنجاب کابینہ کے ساتھ عوامی خدمت کے مشن پر رہے۔ وزیراعلی نے صوبائی وزراء کے ساتھ 3ہسپتالوں، نیو انٹرنیز ہاسٹل اور شاہدرہ فلائی اوورز پراجیکٹ کا 5گھنٹے طویل دورہ کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ انشاء اللہ شاہدرہ فلائی اوورز کو 20نومبر سے قبل ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے پراجیکٹ کے اطراف سڑکوں پر بھرپور شجر کاری کرنے کی ہدایت کی۔ شاہدرہ ہسپتال کے ایم ایس ڈیوٹی سے غائب تھے اور بعض مریض ماسک کے بغیر خود ہی اپنے آپ کو نیبولائز کررہے تھے جس پر وزیراعلی نے ناراضی کا اظہارکیا اور مریضوں کے لئے ماسک مہیا کرنے کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے میو ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک کی اپ گریڈیشن کے کاموں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور کہا کہ انشاء اللہ 31دسمبر تک اپ گریڈیشن کا کام مکمل ہو جائے گا اور ایمرجنسی بلاک کو فنکشنل کر دیا جائے گا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے2017سے بند پڑی ہوئی سی ٹی سکین مشین کا معائنہ کیا اور دسمبر تک سی ٹی سکین مشین کو فنکشنل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سی ٹی سکین مشین کا 6برس خراب پڑے رہنا سنگین غفلت ہے۔ وزیراعلی نے نیو انٹرنیز ہاسٹل خصوصاً واش رومز کی ابتر حالت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ وزیراعلی نے ہاسٹل کی اپ گریڈیشن کے لئے کمیٹی کو ٹاسک دیا۔ محسن نقوی نے گھڑی وارڈ کو اسی حالت میں اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے 8منزلہ امراض چشم کے انسٹیٹیوٹ کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی مختلف وارڈز میں گئے اور بعض وارڈز میں خالی بیڈز خالی تھے اور کوئی مریض موجود نہیں تھا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے بیڈز کی موثر مینجمنٹ کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ میو ہسپتال کے بعض وارڈز میں مریضوں کی تعداد زیادہ اور بعض میں کم، ہسپتال انتظامیہ بہترین مینجمنٹ کرکے ہر مریض کے لئے بیڈ مہیا کر سکتی ہے۔ محسن نقوی نے لیڈی ایچیسن ہسپتال میں مختلف وارڈز میں علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ بعض وارڈز میں بیڈز خالی تھے جبکہ بعض وارڈز میں ایک بیڈ پر دو دو خواتین کا علاج ہورہا تھا جس پر وزیراعلی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیڈز مینجمنٹ کرنا ہسپتال انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے، اس میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ علاوہ ازیں محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر پاکستان میں پہلی بار مذہبی سیاحت پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے مذہبی سیاحت کے فروغ کے لئے”سکھ یاترا بکنگ پورٹل“ کا افتتاح کر دیا۔ ”سکھ یاترا بکنگ پورٹل“ کے ذریعے دنیا بھر سے سکھ یاتری آن لائن ہوٹل بکنگ کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔ آمدورفت کے لئے گاڑی کا انتخاب بھی کیا جا سکے گا۔ محسن نقوی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکھ یاتریوں کی بھرپور مہمان نوازی کی جائے گی۔ محسن نقوی نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پرحاضری دی۔ مزار اقبال پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی اور ملک کی ترقی و خوشحالی، استحکام، سالمیت اور امن کے لئے دعا کی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے غزہ اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آزادی کے لئے بھی خصوصی دعا کی۔ محسن نقوی نے مزار اقبال کے سنگ مرمر کی خراب حالت، سیاہی مائل ہوتی سفید دیواریں اور مزار کے احاطے میں کم لائٹس کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مزار کی اپ گریڈیشن کا پلان طلب کر لیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ بادشاہی مسجد کے بیرونی حصے کو بھی اصل حالت میں بحال کیا جائے۔ محسن نقوی نے ڈی جی والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کو بادشاہی مسجد کی بحالی کے جاری پراجیکٹ میں بیرونی حصہ ترجیحی بنیادوں پر بحال کرنے کی ہدایت کی۔

ای پیپر-دی نیشن