پاکستان فرنیچر کونسل کے وفد کی چین کے تجارتی میلے میں ناقابل یقین حوصلہ افزا ئی
لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان فرنیچر کونسل کے وفد کو چین کے تجارتی میلے کینٹن فیئر میں شرکت کے دوران غیر ملکی خریداروں اور سرمایہ کاروں کی جانب سے ناقابل یقین حد تک حوصلہ افزا پذیرائی ملی ہے۔ یہ بات پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے گزشتہ روز بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ اس تجارتی میلے نے پاکستان کی فرنیچر انڈسٹری کی شاندار کارکردگی کو عالمی مارکیٹ میں پیش کرنے کیلئے ایک قابل ذکر پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔ بہت سے غیر ملکی خریداروں اور سرمایہ کاروں نے پاکستان کے فرنیچر کے شعبے میں سرمایہ کاری اور تعاون میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ ان کی طرف سے اس دلچسپی اور مثبت رد عمل کا اظہار ہماری فرنیچر مصنوعات کی شاندار کاریگری، اختراعی ڈیزائن اور معیار کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پذیرائی عالمی فرنیچر مارکیٹ میں ہماری صلاحیتوں کا اعتراف اور معروف بین الاقوامی ہم منصبوں کے ساتھ نتیجہ خیز شراکت داری کے امکانات کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ یہ ہمارے ہنر مند کاریگرو ں کی لگن، محنت اور مہارت کا ثبوت ہے جس نے دنیا بھر میں فرنیچر کی تیاری کے لیے ایک بڑے مرکز کے طور پر پاکستان کی شناخت کو مستحکم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس موقع سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیے اور دیگر ممالک کے ساتھ باہمی طور پر فائدہ مند تعلقات کو فروغ دیتے ہوئے اپنی صنعت کی ترقی دینی چاہیے تاکہ عالمی سطح پر پاکستان کے فرنیچر سیکٹر کو مزید بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔