• news

اسلام میں دہشت گردی کی گنجائش نہیں‘ ریاست ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کرے: طاہر اشرفی

لاہور ( خصوصی نامہ نگار )پاکستان علماءکونسل اور اس کی حلیف جماعتوں کی اپیل پر آج ملک بھر میں خطبات جمعہ پیغام پاکستان کے عنوان پر دئیے جائیں گے۔ چیئرمین پاکستان علماءکونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، علامہ ضیاءاللہ شاہ بخاری، پیر نقیب الرحمن، مولانا محمد خان لغاری، علامہ عارف واحدی و دیگر اکابرین نے تمام مکاتب فکر کے آئمہ و خطاءاور علماء، مشائخ سے اپیل کی ہے کہ وہ خطبات جمعہ میں انتہا پسندی و دہشت گردی کے خلاف پیغام پاکستان بیانیہ اور متفقہ فتویٰ کو بیان کریں اور اس کی اہمیت و افادیت پر عوام الناس کوآگاہ کریں۔ محراب و منبر معاشرے کی اصلاح اور دہشت گردی و انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے اپنا بھرپور کردار کریں گے اور اس مقصد کےلئے ریاستی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں جو لوگ پاکستان دشمن قوتوں کے آلہ کار بن کر ریاست پاکستان، افواج پاکستان، سلامتی کے اداروں اور عوام الناس پر حملہ آور ہیں، وہ اسلامی تعلیمات کے خلاف کررہے ہیں اور اسلام ان سے بری ہے۔ ریاست اور افواج پاکستان کو حق حاصل ہے کہ وہ ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کریں۔

ای پیپر-دی نیشن