اسلام آباد، راولپنڈی ژالہ باری، مری میں پہلی برفباری، بابوسرٹاپ جانے والی سڑک بند
اسلام آباد بالاکوٹ (خبرنگار+ نیٹ نیوز) اسلام آباد راولپنڈی میں موسلادھار بارش ژالہ باری موسم سرد ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے پیشگوئی کے مطابق خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان ، کشمیر، اسلام آباد اور بالائی وسطی پنجاب میں تیز ہواو¿ں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری جبکہ چند مقامات پر ژا لہ باری بھی ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ (آج) ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔ وادی ناران، کاغان اور مری کے پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق برفباری کے باعث بابو سرٹاپ جانے والی سڑک بند ہوگئی۔ سیاحوں کو سفر سے گریز کی ہدایت جاری کر دی گئی۔ بٹہ کنڈی، جلکھڈ اور لولوسر جھیل پر چار سے چھ انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی۔ بابو سر ٹاپ پر پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کر لیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کہا گٹی داس کے مقام پر بھی برفباری کے باعث پھنسے سیاحوں کو بحفاظت ریسکو کرلیا گیا۔ مری میں بھی موسم سرما کی پہلی برف باری سے سیاحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ مری میں سردی کی شدت بھی بڑھ گئی۔