پاکستان کے مفادات کو پیش نظر رکھیں گے تو ملک کا پہیہ چل سکے گا‘ چوہدری سرور
لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر چوہدری محمد سرور سے سجادہ نشین دربار قلندر لعل شہباز سہون شریف پیر ڈاکٹر سید مہدی رضا شاہ نے ملاقات کر کے ان کے بھائی کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔ اس موقع پر لاہور کے جنرل سیکرٹری محمد ندیم پہلوان اور دیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ چوہدری سرور نے کہا کہ ملک کو مشکلات کی دلدل سے نکالنے کے لئے اتحاد کی اشد ضرورت ہے ۔مسلم لیگ کی قیادت نے ہمیشہ ملک میں مفاہمت کی سیاست کی بات کی ہے کیونکہ اس کے بغیر ملک کو درپیش چیلنجز سے ہرگز نبردآزما نہیں ہو اجا سکتا ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کے مفادات کو پیش نظر رکھیں گے تو ملک کا پہیہ چل سکے گا۔ پاکستان پچیس کروڑ آبادی والا ملک ہے ، ہم سیاسی افرا تفری کے متحمل نہیں ہو سکتے۔