سرگودھا میں خون کی ہولی، خاتون، بیٹا، بہو، رشتہ دار سمیت 4 بھانجے کے ہاتھوں قتل
سرگودھا +لاہور(نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) گھریلو رنجش پر فائرنگ کرکے خالہ‘ اس کے بیٹے اور بہو سمیت چار افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ تفصیلات کے مطابق کوٹ مومن کے قصبہ مڈھ رانجھا کے گاﺅں گھلا پور میں ملزم احمد شیر نے گھریلو رنجش پر فائرنگ کرکے اپنی خالہ 60 سالہ مقصودہ بی بی‘ اس کی بہو 25 سالہ عرفہ بی بی‘ بیٹے 30 سالہ فیصل اور اپنے چچا زاد سرفراز کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ملزم احمد شیر مقتولین کا قریبی رشتے دار بتایا جا رہا ہے۔ پولیس تھانہ مڈھ رانجھا نے مقتولین کی نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیں۔ ڈی پی او محمد فیصل کامران نے ایس پی انویسٹی گیشن کے ہمراہ جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور بتایا کہ تمام شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں اور ملزمان کی تعداد کا بھی تعین کیا جا رہا ہے۔ دریں اثنا آئی جی پنجاب نے سرگودھا کے نواح میں خواتین سمیت 4 افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سرگودھا شارق کمال صدیقی سے رپورٹ طلب کر لی اور ڈی پی او سرگودھا کو ملزمان کی جلد گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیا۔