• news

ترقیاتی مالی ادارے کیپٹل مارکیٹ، عمومی ترقی کے ممکنہ محرک: وزیر خزانہ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ، محصولات و اقتصادی امور ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے کہ مطلوبہ مہارت، استعداد اور لچک رکھنے والے ترقیاتی مالیاتی ادارے کیپٹل مارکیٹ اور عمومی ترقی کے ممکنہ محرک ثابت ہو سکتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے چیئرمین سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمشن آف پاکستان اور ترقیاتی مالیاتی اداروں (ڈی ایف آئیز) کے سربراہان کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈی ایف آئیزکی جانب سے پرائیویٹ ایکویٹی اینڈ وینچر کیپٹل فنڈ کے قیام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ترقیاتی مالیاتی اداروں (ڈی ایف آئیز) کے سربراہان نے وزیر خزانہ کو پرائیویٹ ایکویٹی اینڈ وینچر کیپٹل فنڈ کے قیام کے عمل میں پیش رفت اور درپیش رکاوٹوں سے بھی آگاہ کیا۔ 30 ستمبر 2023ءکو منعقدہ ایک اجلاس میں ڈی ایف آئیز نے اقتصادی بحالی میں تیزی لانے کیلئے پرائیویٹ ایکویٹی اینڈ وینچر کیپٹل فنڈ شروع کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ ڈی ایف آئیز کا کردار کمرشل بنکوں سے الگ ہے۔ ڈی ایف آئیز کو کاروباری فلسفے میں اس فرق کو واضح کرنے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں ڈی ایف آئیزپر زور دیا گیا کہ وہ جامع پروفائلز جو موجودہ آپریشنز اور سرگرمیوں کا احاطہ کرتے ہوں، کا اشتراک یقینی بنائے اس مقصد کے لیے وزیر خزانہ نے ایس ای سی پی کو ڈی ایف آئیز کی معاونت کی ہدایت کی۔ انہوں نے کیپٹل مارکیٹ میں موجود مواقع کو اجاگر کرنے کے لیے ایس ای سی پی کو ڈی ایف آئیز کے ساتھ فعال رابطہ کاری کی ہدایت کی۔

ای پیپر-دی نیشن