مظلوم فلسطینی عوام اسلامی ممالک کی جانب دیکھ رہے، سراج الحق
لاہور،اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ خبرنگار) امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ مظلوم فلسطینی عوام اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی جانب دیکھ رہے ہیں،مسلمان حکمران اسرائیل کی سفاکیت روکیں۔ طیب اردگان سے امت مسلمہ کی امیدیں وابستہ ہیں، وہ آگے بڑھ کر کردار ادا کریں، عالم اسلام کو اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطین سمیت تمام مظلوم انسانیت کا مقدمہ لڑنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے استنبول ترکیہ میں مختلف اسلامی تحریکوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت ایران کے دورہ کے بعد ترکی میں ہیں۔ ان کے دورہ کا مقصد غزہ میں جاری انسانی المیہ کے تدارک کے لیے مشترکہ لائحہ عمل کی تشکیل ہے۔ انہوں نے ایران کے دورہ کے دوران حکام اور علما سے ملاقاتیں کی امیر جماعت جمعہ کو استنبول کی فاتح مسجد کے سے نکالے جانے والے عظیم الشان فلسطین یکجہتی مارچ کی قیادت اور شرکا سے کلیدی خطاب کریں گے۔عالم اسلام کی تنظیم الاتحادالعالمی کے سیکرٹری جنرل الشیخ علی محی الدین القرہ داغی اور دیگر اسلامی تحریکوں کے رہنما بھی مارچ کی قیادت کریں گے۔