سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ: بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان‘ نیپرا 14 نومبر کو سماعت کرے گا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی 40 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نیپرا نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی ستمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ہے۔ صارفین سے اضافی وصولیاں نومبر کے بلوں میں لی جائیں گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اس اضافے کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔ جبکہ رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ ڈسکوز نے صارفین پر 22 ارب 56 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ منتقل کرنے کی درخواست کر رکھی ہے۔ جولائی تا ستمبر کی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہو گا۔ نیپرا نے رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کیلئے نظرثانی نوٹس جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حکومتی گائیڈ لائنز کے تحت جولائی تا ستمبر کی ایڈجسٹمنٹ کا یکساں ٹیرف رکھا جائے گا۔ نیپرا اعلامیے کے مطابق جولائی تا ستمبر 2023 کی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست نیپرا میں دائر کی گئی ہے۔ نیپرا پہلی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست کے حوالے سے 14 نومبر کو سماعت کرے گا۔