توشہ خانہ کیس: نواز شریف کے اکاﺅنٹس بحال، اراضی، گاڑیاں واپس
اسلام آباد (وقائع نگار) احتساب عدالت اسلام آباد نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی ضبط شدہ جائیداد اور اثاثے واپس کرنے کا حکم دے دیا۔ جج محمد بشیر کی عدالت کی طرف سے جاری احکامات میں عدالت نے کہا ہے کہ نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری چیئرمین نیب نے جاری نہیں کیے بلکہ عدالت نے جاری کیے تھے اور اب نواز شریف کے عدالت پیش ہوجانے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی منسوخ کردیے گئے ہیں۔ عدالت نے جائیداد ضبطگی کے احکامات واپس لے لئے۔ بتایاگیا کہ نواز شریف عدالتی اجازت سے علاج کیلئے بیرون ملک گئے اور ریفرنس دائر کردیا گیا۔ نواز شریف کی اس ریفرنس میں گرفتاری بھی نہیں ہے۔ توشہ خانہ ریفرنس میں مسلسل عدم پیشی پر سابق وزیر اعظم کو اکتوبر 2020ءمیں اشتہاری قرار دینے کے بعد جائیداد ضبطگی کے احکامات جاری کیے گئے تھے، جس پر اب عدالت نے نواز شریف کی پراپرٹیز، گاڑیاں، بینک اکاﺅنٹس، لاہور میں 1650 کنال سے زائد زرعی اراضی، مرسیڈیز، لینڈ کروزر و دیگر گاڑیاں بھی واپس کرنے کا حکم دےدیا۔