• news

تبلیغی اجتماع، راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کا دورہ، پولیس کو توقعات پر پورا اترنا ہے: محسن نقوی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+نیوز رپورٹر) وزیراعلی آفس میں 5اے ایس پیز کو ایس پی کے عہدے کے رینک لگانے کی تقریب منعقد ہوئی۔ محسن نقوی مہمان خصوصی تھے۔ محسن نقوی اور انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے ترقی پانے والے پولیس افسروں کو رینک لگائے۔ اے ایس پی سلمان ظفر، تیمور خان، بشریٰ نثار، سدرہ خان اور منزہ کرامت کو ایس پی کے عہدے کے رینک لگائے گئے۔ محسن نقوی نے کہا کہ ترقی پولیس سمیت ہر افسر کا حق ہے۔ پروفیشنل، محنتی اور دیانتدار افسران کی حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے۔ پولیس افسران کو اپنی تمام تر صلاحیتیں عوام کی خدمت اور ان کے مسائل حل کرنے کے لئے صرف کرنی چاہئیں۔ پولیس کو عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہے او را سی سے تھانہ کلچر تبدیل ہوگا۔ علاوہ ازیں محسن سپیڈ راولپنڈی پہنچ گئی۔ وزیراعلی نے 25 روز میں راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کا تیسرا دورہ کیا ہے۔ خصالہ خورد اڈیالہ انٹرچینج کی سائٹ اور ارتھ ورک کا معائنہ کیا۔ جبکہ پراجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ منصوبے پر تیز رفتاری سے کام کیا جائے۔ وزیراعلی نے کہا رنگ روڈ کی تکمیل سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں کو آمدورفت میں بے پناہ سہولت ملے گی۔ محسن نقوی نے 38کلومیٹر طویل پورے روٹ کا فضائی معائنہ کیا اور جاری کاموں کا مشاہدہ کیا۔ محسن نقوی نے علی الصبح سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع رائیونڈ کا دورہ کیا۔ تبلیغی جماعت کے علماءکرام و اکابرین مولانا احمد لاٹ، میاں احسن، امتیاز غنی، انوار غنی، مولوی عامر اور دیگرسے ملاقات کی اور اجتماع کے انتظامات کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ محسن نقوی نے سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع رائیونڈ کے انتظامات اور فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔ سی سی پی او اور کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے کو انتظامات کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ اجتماع کی موثر مانیٹرنگ کیلئے کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور اضافی پٹرو لنگ پولیس تعینات کی گئی ہے۔ ٹریفک کی روانی کیلئے ٹریفک وارڈنز کی تعداد میں اضافہ کیا ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ تبلیغی جماعت دین اسلام کی تبلیغ کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے دین کو پھیلانے والے دین اور دنیا دونوں کما رہے ہیں۔ مولانا احمد لاٹ نے عالم اسلام کے اتحاد، دین اسلام کی سر بلندی، امن اور استحکام کیلئے دعا کی۔

ای پیپر-دی نیشن