قومی کرکٹرز کی کولکتہ میں تیاریاں، سیمی فائنل کیلئے رن ریٹ کے پیچھے جائیں گے: بابر اعظم
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کا ایڈن گارڈنز کولکتہ میں آپشنل ٹریننگ سیشن جاری رہا ۔ کپتان بابر اعظم افتخار احمد ،وسیم جونیئر ،حسن علی ،سلمان علی آغا اور محمد نواز نے شرکت کی۔ قومی سکواڈ کے تین ٹریولنگ ریزروز کھلاڑی بھی ٹریننگ سیشن میں شریک رہے ۔کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ورلڈکپ میں سیمی فائنل کھیلنے کیلئے نیٹ رن ریٹ کے پیچھے جائیں گے، اگر فخر 20یا 30اوور کھیل گیا تو اس کو حاصل کرسکتے ہیں۔ کرکٹ میں کچھ بھی ہو سکتا ہے، ہم اچھے نوٹ پر ختم کرنے کی کوشش کریں گے، افغانستان اور جنوبی افریقہ والا میچ جیتنا چاہیے تھا۔ امید تو ہر موقع پر مثبت رکھنی چاہیے، کوشش کریں گے کہ غلطیوں سے سیکھیں، اس لیول پر غلطی کی گنجائش بہت کم ہوتی ہے۔ کسی نے مشورہ دینا ہے تو نمبر سب کے پاس ہے، ٹی وی پر بیٹھ کر بات کرنا آسان ہے۔ ابھی فوکس اگلے میچ پر، کپتانی کے مستقبل کا بعد میں دیکھیں گے۔ انگلینڈ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ 8 ٹیموں میں جگہ بنا کر 2025 ءمیں چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے کیلئے پرعزم ہیں۔ ہم نے اس دورے میں اچھا کھیل پیش نہیں کیا، جو ہم کرنا چاہتے تھے لیکن ہم مناسب کارکردگی کےساتھ بھارت سے جانا چاہیں گے۔