• news

ن لیگ حکومت میں شامل‘ لیول پلیئنگ فیلڈ کیسے ہو سکتی ہے: خورشید شاہ

لاہور (نامہ نگار) سابق وفاقی وزیر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ن لیگ نگران حکومت میں شامل ہے، لیول پلیئنگ فیلڈ کیسے ہو سکتی ہے، پیپلز پارٹی کسی سے اتحاد نہیں کرے گی۔ الیکشن پنکچر کیے گئے تو بہت بڑا نقصان ہوگا۔ وہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نوید چوہدری سے ان کی اہلیہ اور پیپلز پارٹی وویمن ونگ لاہور کی جنرل سیکرٹری سونیا خان سے ان کی والدہ شمیم نیازی کی وفات پر تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ انتخابات میں زور زبردستی کی گئی تو زبردست نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر جماعت کو انتخابی اتحاد بنانے کا حق ہے اور ہر پارٹی چاہتی ہے کہ اس کا وزیراعظم بنے۔ میاں نواز شریف کی وطن واپسی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہمارے دوست مولا جٹ کی طرح چیختے ہوئے گھوڑے پر آتے اور چار دن جیل میں چلے جاتے تو سیاست دانوں کا قد بڑھ جاتا مگر ایسا نہ کر کے نواز شریف کا قد چھوٹا ہوا ہے، بڑا نہیں۔ وزیراعظم لاڑکانہ کا ہو یا لاہور کا ووٹ کے ذریعے روکیں، لاٹھی کے ذریعے نہ روکیں۔ ہمارا گھوڑا اکیلا ہے اس پر چڑھے ہوئے ہیں۔گورنر ہاﺅس میں نوازشریف کے سیاسی فیصلوں پر کہوں گا کہ پاکستان کے عوام کو دیکھنا چاہئے ان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔ ووٹ پر ڈاکہ ڈالنے کےلئے سب کچھ ہو رہا ہے۔ اللہ کرے ملک میں جمہوریت بحال ہو جائے انتخابات ہو جائیں۔ اگر کسی کو زور زبردستی اقتدار میں بٹھایا گیا تو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔ 9 مئی کا واقعہ ڈرٹی قسم کا تھا۔ آصف زرداری کی خاموشی کے سوال پر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ آصف زرداری خاموش نہیں، ڈٹ کر بول رہے ہیں۔ قبل ازیں انہوں نے نوید چودھری کے گھر انکی اہلیہ اور سونیا خان کے گھر ان کی والدہ اور پیپلز پارٹی کی بانی رکن شمیم نیازی کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔

ای پیپر-دی نیشن