• news

سلامتی کونسل غزہ میں امن کیلئے فوری اقدامات، بھارت کشمیریوں کے حق خوداریت کا احترام کرے: پاکستان

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل غزہ میں امن کیلئے فوری اقدامات اور بھارت کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا احترام کرے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بطور قابض طاقت اسرائیل کو چوتھے جینوا کنونشن کا احترام کرنا چاہیے، ہم نے امریکہ کا غزہ میں چند گھنٹوں کی جنگ بندی کا بیان دیکھا ہے، ملٹری آپریشن میں ٹیکٹیکل وقفے انسانی امداد کے غزہ کو رسائی میں مددگار ثابت نہیں ہوسکتے، پاکستان غزہ میں مکمل جنگ بندی کا حامی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے وزیراعظم کے دورہ ازبکستان سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیراعظم نے ازبکستان کا دو روزہ دورہ کے دوران پریس کانفرنس میں اس حوالے سے پالیسی بیان دیا گیا۔ انہوں نے او آئی سی کے وژن پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا۔ اجلاس میں خطے کی ترقی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے حل پر زور دیا۔ انہوں نے سمٹ کی سائیڈ لائن پر ازبکستان اور آذربائیجان کے صدور کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ نگران وزیراعظم کا جمعہ کو پاکستان کی تارکین وطن پر پالیسی پر بیان بہت واضح تھا۔۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ ہم بارہا کہہ چکے ہیں ہمیں افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف استعمال پر تحفظات ہیں ، ہم بارہا اپنے تحفطات سے افغان عبوری انتظامیہ کو آگاہ کر چکے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایسا ملک ہے جہاں آئین و قوانین مذہب پر عملدرآمد کی آزادی فراہم کرتے ہیں، پاکستانی قوانین اقلیتوں کو مکمل تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ہفتے کے شروع میں جموں و کشمیر میں ڈوگرا راج، آر ایس ایس کے ہاتھوں کشمیریوں کا قتل عام ہوا۔ ہم اس واقعہ کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ بھارت کشمیریوں کے نا قابل تنسیخ حق خود ارادیت کا احترام کرے، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہفتہ کو ہونے والی غیر معمولی اسلامی سربراہی کانفرنس کا خیرمقدم کیا ہے۔ او آئی سی کا سربراہ اجلاس غزہ پر اسرائیلی حملوں کے ردعمل میں طلب کیا گیا ہے جس سے شہری آبادی کو شدید خطرہ لاحق ہے اور اس نے ایک بڑے انسانی بحران کو جنم دیا ہے۔ پاکستان کو فلسطینی عوام کے خلاف کیے جانے والے گھناﺅنے جرائم پر گہری تشویش ہے کیونکہ اسرائیلی افواج غزہ میں اپنی دہشت گردی اور بربریت کی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے غزہ کے عوام بدترین اجتماعی سزا کا شکار ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی افواج معصوم شہریوں کا اندھا دھند قتل عام کرتے ہوئے انہیں خوراک، پانی، رہائش اور طبی امداد سے جان بوجھ کر محروم کر کے انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فاسفورس بموں کا استعمال اور نیوکلیئر ہولوکاسٹ کی دھمکیاں زیر قبضہ لوگوں کے خلاف دی جا رہی ہیں جنہیں ان کی سرزمین سے زبردستی بے دخل کیا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن